یہ فطری بات ہے کہ لوگ بہتر ملازمت کے امکانات اور بہتر زندگی کی تلاش میں ہیں۔ یورپ کے بہت سے ممالک میں پاکستان کے مقابلے میں تنخواہیں بہت زیادہ ہیں، لیکن ٹیکس اور زندگی گزارنے کی لاگت بھی بہت زیادہ ہے۔ لہذا، یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ آپ پہلے سے اس ملک کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کریں جس میں آپ کام کیلئے جانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ آپ جس قسم کی ملازمت کرنا چاہتے ہیں اس کی اوسط تنخواہ کتنی ہے۔ ٹیکس کتنے فیصد اور اس کی اقسام کیا ہیں جو آپ ادا کریں گے (انکم ٹیکس، سوشل انشورنس، ہیلتھ انشورنس) رہائشی اخراجات کا معیار یا لاگت کیا ہے؟ (کرائے کے اخراجات، ٹرانسپورٹ، یوٹیلیٹی بلز، کھانا، طبی نگہداشت)۔ یہ تمام ضروری معلومات ہیں جو آپ کو ایک بہتر سمجھ فراہم کریں گی کہ آیا اس ملک میں کام کرنے کا فیصلہ آپ کیلئے اچھا رہے گا، یا اس کا نتیجہ یہ ہو سکتا ہے کہ وہ آپ کے طرز زندگی کو اتنا بہتر نہیں بنائے گا جتنا آپ امید رکھتے ہیں۔

نقل مکانی کیلئے بجٹ نکالنا ایک اور پہلو ہے جس پر آپ کو غور کرنے کی ضرورت ہوگی۔ مثال کے طور پر، ویزا کی درخواست کے لئے ٹیکس اور فیس، سفر کے اخراجات، انشورنس، پہلے دو ماہ میں گزارے کے لئے فنڈز، رہائش کرایہ پر لینا، بینک اکاؤنٹ کھولنا، کھانے کا انتظام وغیرہ۔

آپ اس بات سے آگاہ رہیں کہ اگر یورپ میں کام کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو متعلقہ کام کا ورک پرمٹ حاصل کرنے کی ضرورت ہوگی جس کے لئے آپ کو ملازمت کے معاہدہ کا ثبوت دینا ہوگا۔ بیرون ملک کام کرنے کے لئے، پاکستانی شہریوں کو ورک ویزا/اجازت نامہ حاصل کرنے کی ضرورت ہوگی۔ اپنی ویزا درخواست جمع کرانے کیلئے آپ کو پاکستان میں ذمہ دار سفارت خانے، قونصل خانے یا ویزا درخواست مرکز میں قواعد و ضوابط کی جانچ کرانی ہوگی۔

ویزا کے بارے میں معلومات

اگر آپ نے مکمل تحقیق کے بعد بیرونی ملک میں کام کی تلاش کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے تو ہمیشہ آپ ملازمت کی تلاش سرکاری یا دیگر قومی یا بین الاقوامی تسلیم شدہ آرگنائزیشن یا بھروسے مند آن لائن پلیٹ فارمز پر کریں۔

کسی یورپی کمپنی میں بہتر تنخواہ کی ملازمت تلاش کرنے کا ایک اور طریقہ یہ ہے کہ ریموٹ جاب کی تلاش کریں۔ ایسی بہت سی کمپنیاں ہیں جو ریموٹ (گھر پر کام) ملازمتیں آفر کرتی ہیں، خاص طور پر اگر آپ کے پاس آئی ٹی، کسٹمر سروس، ڈیٹا انٹری، زبان کی مہارت یا انتظامیہ جیسے شعبوں میں کام کا اچھا تجربہ اور قابلیت ہے۔

کچھ سوالات جو آپ کو اپنے آپ سے پوچھنا چاہئے

کیا بیرون ملک میں کام کرنا مجھے اپنے ملک میں کام کرنے کے مقابلے میں بہتر کیریئر، ترقی یا بہتر معیار زندگی فراہم کرے گا؟ 
کیا مجھے معلوم ہے کہ میں کہاں کام کرنا چاہتا ہوں؟ 
کیا مجھے اس ملک کی زبان پر عبور حاصل ہے؟ 
کیا میں جانتا ہوں کہ اس ملک میں ملازمت کی آفرز کہاں تلاش کرنی ہے؟ 
کیا میں نے اس ملک میں سب سے زیادہ مقبول کام کے متلاشی پلیٹ فارمز میں رجسٹریشن کی ہے؟ 
کیا میرے پاس اس کام کیلئے جو میں کرنا چاہتا ہوں ضروری مہارت و قابلیت ہے؟ 
کیا میری تعلیمی اور پیشہ ورانہ قابلیت کو تسلیم کیا جائے گا؟ 
کیا میرے پاس ایسے مالی وسائل ہیں جو مجھے بیرون ملک میں زندگی شروع کرنے کا موقع دیں گے؟ 
کیا میں نے کچھ عملی معلومات چیک کی ہیں جیسے کرایہ پر مکان کیسے تلاش کیا جائے؟ مجھے کرایہ کے لئے کتنی رقم ادا کرنی ہوگی؟ 
بینک اکاؤنٹ کیسے کھولنا ہے؟ 
طبی خدمات کے لئے اندراج کیسے کرانا ہے؟ 
کیا میں بیرونی ملک میں رہنے کے لئے تیار ہوں؟ 
نئی زبان، ثقافت، معاشرتی اقدار، زندگی گزارنے کی لاگت، آب و ہوا ، لمبی عرصے کیلئے اپنے خاندان اور دوستوں سے دور ہونے کے بارے میں سوچیں۔ 
کیا میں کام کیلئے درخواست دینے سے لیکر ورک ویزا حاصل کرنے اور بیرونی ملک میں جانے تک تمام طریقہ کار سے واقف ہوں؟ 
کیا میں یہ ماننے کیلئے تیار ہوں کہ حقیقت اکثر ویسی نہیں ہوتی جس کی ہم توقع کرتے ہیں؟ 
کیا میں آرگنائزیشن کے کلچر کو اپنانے اور کام کرنے کے اصول و ضوابط نبھانے میں مشکلات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں؟ 
کیا بہتر نہیں ہے اگر کسی بیرونی ملک جانے کے بجائے میں آن لائن کام کروں؟ 
 

کیا معلومات مددگار تھی؟
5
-2